نئی دہلی ، 08؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دہلی کے شالیمار باغ کے میکس اسپتال کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا ہے۔بتا دیں کہ دہلی حکومت نے اس معاملے میں جانچ رپورٹ آنے کے بعد یہ سخت فیصلہ لیا ہے۔دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ اسپتال کی طرف سے نوزائیدہ کو مردہ بتائے جانے کے واقعہ کو بالکل قبول نہیں کیا جا سکتا۔بتا دیں کہ ایک دن پہلے ہی 22ہفتے کے زندہ نوزائیدہ کو مردہ بتا کر والدین کو سونپنے کے معاملے میں دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن میکس اسپتال اور ڈاکٹروں کے حق میں آکر کھڑا ہو گیا تھا۔دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن نے بیان جاری کر کے کہا تھا کہ وقت سے پہلے ہونے والی ایسی پیدائش کے لئے کوئی پروٹوکول یا گائڈلائنس نہیں ہے۔لیکن ہندوستان کا قانون 20 ہفتے تک اسقاط حمل کی اجازت دیتا ہے اور کچھ زیادہ سنگین مقدمات میں 24 ہفتے میں اسقاط حمل کی اجازت عدالت نے دی ہے یعنی ہندوستانی قانون بھی 24 ہفتے تک کے جنین کو زندہ نہ بچنے کے قابل سمجھتاہے۔